اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی وزیر برائے توانائی رانا تنویر حسین نے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلام آباد میں تمام پیٹرول پمپس پرچارجنگ اسٹیشنز نصب کرے تاکہ الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔ الیکٹرک وہیکلز پالیسی سے متعلق چوتھا اجلاس وفاقی وزیر برائے توانائی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے فیڈرل بورڈ کے ٹاپ 120 طلبہ و طالبات کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ 39 ہزار الیکٹرک بائیکس اور 1900 الیکٹرک رکشے رعایتی قرضوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس پورے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ تمام مراحل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت اسلام آباد کو ایک ماڈل شہر بنایا جائے گا جو دنیا بھر کے لیے ایک نمونہ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر 40 نئے چارجنگ اسٹیشنز کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ہے اور اس پر جلد عمل شروع کیا جائے گا۔ سی ڈی اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کی راہ ہموار کریں گے اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔