وزارتِ مذہبی امور نے 10 دسمبر تک درخواستیں جمع کرانے والے تمام 79 ہزار عازمینِ حج کو کامیاب قرار دے دیا ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کی توسیع کے دوران 10 ہزار سے زائد نئی درخواستیں موصول ہوئیں۔ عازمینِ حج کے مطالبے پر کچھ خالی نشستوں پر ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ جیسے ہی حج کوٹہ مکمل ہو گا، درخواستیں جمع کرانے کا عمل فوری طور پر بند کر دیا جائے گا۔
نئے درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواست جمع کرانے کے بعد متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ رسید حاصل کریں۔ کمپیوٹرائزڈ رسید پر درج تاریخ اور وقت کے مطابق ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کا اصول اپنایا جائے گا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سپانسرشپ حج اسکیم بھی ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کے اصول پر جاری رہے گی، اور سرکاری کوٹہ مکمل ہونے کے بعد حج واجبات کی دوسری قسط کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
عازمینِ حج کو بقیہ واجبات کی ادائیگی، تربیت اور پروازوں کی تفصیلات کے لیے ’’پاک حج موبائل ایپ‘‘ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔