مغربی افریقی ملک گنی میں ایک فٹ بال میچ کے دوران ہونے والے ہنگاموں کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ لابے اور انزیریکوری کی ٹیموں کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا، جس میں ریفری کے متنازع فیصلے سے تماشائیوں میں شدید اشتعال پیدا ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ہسپتال میں لاشیں بکھری ہوئی ہیں اور مردہ خانہ بھر چکا ہے، جبکہ دیگر ذرائع نے بھی درجنوں ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ وزیر اعظم بہ اوری نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرین کی مدد کے لیے صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہی ہے انہوں نے شہریوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ طبی خدمات متاثر نہ ہوں۔
گنی کے دوسرے بڑے شہر انزیریکوری میں یہ میچ جنرل مامادی ڈومبویہ کی یاد میں منعقد کیا گیا تھا جو 2021 میں اقتدار میں آئے تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب ریفری نے دو لابے کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھایا اور اسی ٹیم کے خلاف ایک پینلٹی دی، جس کے بعد تماشائی میدان میں کود پڑے۔
رپورٹس کے مطابق مشتعل مظاہرین نے انزیریکوری کے پولیس اسٹیشن کو بھی آگ لگا دی۔