لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) حکومت پنجاب نے ذیابیطس (شوگر) کے پیدائشی مریض بچوں کے لیے مفت انسولین فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کو انسولین ان کے گھروں تک پہنچائی جائے گی، اس سلسلے میں متاثرہ بچوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
پراجیکٹ کے تحت صوبہ پنجاب میںٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو مفت انسولین فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن 1033 قائم کی گئی ہے۔ والدین اپنی تحصیل یا ضلع میں موجود این سی ڈی کلینک سے رابطہ کر کے انسولین حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ننھے بچے پھول کی مانند ہیں، انہیں مرجھانے نہیں دیں گے۔ میں خود ایک ماں ہوں اور مجھے بچوں کی تکلیف کا شدت سے احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کو ہسپتال آنے جانے کی مشکلات سے بچانے کے لیے انسولین ان کے گھروں تک پہنچائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں :لارڈ ولیم ہیگ کو آکسفورڈ یونیورسٹی کا نیا چانسلر منتخب کر لیا گیا
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کو زندگی بھر انسولین کی ضرورت ہوتی ہے، اور ہم والدین کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں بچوں کی صحت اور علاج کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔