کراچی: یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) پر2020 سے عائد پابندی ختم کر دی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے اس حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی (EASA) نے پاکستانی ایئرلائنز سے پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ترجمان نے اس اقدام کو پاکستان کی فضائی صنعت کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔ترجمان کہا کہ ای اے ایس اے نے اس فیصلے سے متعلق وزارتِ ہوابازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کر دیا ہے، اور پی آئی اے کی ٹیم کو ان کے سخت معیارات پر پورا اترنے پر مبارک باد بھی پیش کی ہے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ ای اے ایس اے کے قوانین اور ضوابط پر مکمل عملدرآمد کرے گی اور اس کامیابی کا سہرا گزشتہ 4 سال کی محنت اور عزم کو جاتا ہے۔
پی آئی اے کے سی ای او نے اس تاریخی موقع پر وزارتِ ہوابازی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے کی ٹیم اور پوری ہوابازی کی صنعت کا بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں سے پابندی اٹھانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر خواجہ آصف، وزارتِ ہوابازی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام اور پی آئی اے انتظامیہ کو اس کامیابی پر مبارک باد دی اور کہا کہ پابندی کے خاتمے سے پی آئی اے کی ساکھ مستحکم ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہے اور اس سے یورپ میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے ہوائی سفر کی سہولت میں مزید آسانی پیدا ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں :پنجاب کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری، عملی امتحانات ملتوی
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے پر عائد پابندی کا خاتمہ ایک سنگ میل ہے اور یہ کامیابی وزارتِ ہوابازی اور سول ایوی ایشن کے ذریعے فضائی سیفٹی کے معیارات کو یقینی بنانے کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستنی نجی ایئر لائن ایئر بلیو پر بھی یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی کی طرف سے عائد پابندی ختم ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے 4 سال قبل پی آئی اے پر پابندی عائد کی تھی، جب جولائی 2020 میں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے پارلیمنٹ میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں اور مشکوک لائسنسز کا ذکر کیا تھا۔ جس کی بنیاد پریورپ اور برطانیہ میں پی آئی اے سمیت تمام پاکستان ایئرلائنز پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔