لاہور( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات 20 دسمبر 2024 سے شروع ہوں گی۔
سیکریٹری اسکولز خالد نذیر وٹو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبے بھر میں موسم سرما کی تعطیلات 20 دسمبر 2024 سے 10 جنوری 2025 تک جاری رہیں گی، اس طرح مجموعی طور پر 21 دن کی تعطیلات ہوں گی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کے جڑواں شہروں میں عام تعطیل کے اعلان کے بعد راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے پیر کو ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے عملی امتحانات ( پریکٹیکلز) ملتوی کر دیے ۔
کنٹرولر امتحانات راولپنڈی بورڈ تنویر اصغر اعوان نے بتایا ہے کہ ملتوی کیے گئے عملی امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ راولپنڈی کے علاوہ دیگر تمام اضلاع میں عملی امتحانات جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔
ادھر پنجاب یونیورسٹی نے بھی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنے آن کیمپس مڈٹرم امتحانات ایک ہفتے کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق مڈٹرم امتحانات جو 25 نومبر سے شروع ہونا تھے، اب ایک ہفتے بعد ہوں گے، تاہم اس دوران یونیورسٹی میں معمول کی کلاسز جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : کسان کارڈ سے 18ارب کی خریداری،حکومت نے تعداد ساڑھے سات لاکھ کر دی
یونیورسٹی کے متعلقہ شعبے آن لائن، روایتی یا ہائبرڈ طریقے سے کلاسز جاری رکھیں گے۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے بھی پیر اور منگل کو ہونے والے پیپرز ملتوی کرنے اعلان کیا ہے ۔