ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں صرف سات رنز کے کم ترین اسکور پر پوری ٹیم آؤٹ ہونے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ گذشتہ روزلاگوس میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سب ریجنل افریقا کوالیفائر گروپ سی کے میچ میں نائیجریا کی طرف سے دیئے گئے 272 رنز کے تعاقب میں آئیوری کوسٹ کی ٹیم صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور 264 رنز کے بھاری فرق سے میچ ہار گئی۔
اس سے قبل نائیجریا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے، جس میں سیلم سلاو کے شاندار 112 رنز شامل تھے جو انہوں نے صرف 53 گیندوں پرسکور کیے، جب کہ سلیمان رنسیوے نے 50 اور آئزک اوکپے نے 65 رنز بنائے۔
272 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئیوری کوسٹ کی پوری ٹیم صرف 7 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی، یہ پہلی بار ہے کہ کوئی ٹیم سنگل فگر میں ہی آؤٹ ہوئی ہے۔ اس سے قبل سب سے کم اسکور 10 رنز تھا جو دو بار ریکارڈ کیا گیا۔
نائیجریا کی ٹیم نے آئیوری کوسٹ کو 264 رنز سے شکست دے کر ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑے مارجن سے میچ جیتنے والی تیسری ٹیم بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اس سے پہلے زمبابوے اور نیپال اس فہرست میں شامل تھے۔ زمبابوے نے گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دی تھی جبکہ نیپال نے ایشین گیمز میں منگولیا کو 273 رنز سے شکست دی تھی۔