اسلام آباد اور راولپنڈی میں اتوارکی دوپہر تک موبائل سروس بند نہیں کی گئی ہے۔ تاہم اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں موبائل فون ڈیٹا سروس متاثرہونے کی اطلاع ہے، جب کہ راولپنڈی میں یہ سروس پوری طرح بحال ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے آج کے احتجاج کے موقع پر انتظامیہ کی طرف سے حکمت عملی بھی فائنل کر لی گئی ہے۔ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کے قریب موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہے، اور کچھ علاقوں میں موبائل فون ڈیٹا سروس بھی متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث واٹس ایپ سروس بھی متاثر ہو رہی ہے۔
کراچی کے کچھ علاقوں میں شہریوں کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر میں موبائل فون انٹرنیٹ کی رفتار بہت سست ہوچکی ہے، جس کے باعث ویڈیو اور آڈیو پیغامات کی ترسیل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ صرف سیکیورٹی خدشات والے علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس بند کی جائے گی، جبکہ باقی ملک میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
دوسری طرف اسلام آباد میں کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ کی رفتار بہت سست ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے صارفین کو واٹس ایپ اور دیگر ایپس کے استعمال میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے گذشتہ روز بتایا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر ہفتہ کی رات 12 بجے کے بعد سے انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند کردی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بندش کے ساتھ وائی فائی (براڈبینڈ) سروس بھی متاثر ہوگی، مگر موبائل سروس (کالز اور ایس ایم ایس) جاری رہے گی اور اس کی بندش کا فیصلہ حالات کے مطابق کیا جائے گا۔