اسلام آباد ( بزنس رپورٹ) ملک میں گزشتہ ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی 51 اشیاء کی قیمتوں میں مختلف تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں۔ پاکستان ادارہ شماریات (PBS) کی رپورٹ کے مطابق، اس دوران قیمتوں میں مجموعی طور پر 0.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 21 نومبر 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 51 اشیاء میں سے 17 کی قیمتوں میں اضافہ، 11 کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ٹماٹر کی قیمت میں 20.72 فیصد، آلو کی قیمت میں 3.81 فیصد، لہسن 3.42 فیصد، انڈے 3.16 فیصد، بنسپتی گھی 2.30 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمت میں 1.28 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 0.98 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب 17 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ان میں چکن کی قیمت میں 2.97 فیصد، دال چنا میں 1.70 فیصد، ایل پی جی میں 0.80 فیصد، دال مسور میں 0.62 فیصد، ٹوٹا باسمتی چاول میں 0.40 فیصد، چینی میں 0.27 فیصد، آٹا میں 0.25 فیصد اور دال ماش کی قیمت میں 0.23 فیصد کمی دیکھنے کو ملی۔
پاکستان شماریات بیورو کی رپورٹ بتاتی ہے کہ ملک میں مختلف آمدنی گروپوں پر قیمتوں کا اثر مختلف انداز میں ہوا۔ کم آمدنی والے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.91 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر گروپوں میں بھی قیمتوں میں اضافے کا رجحان رہا، جیسے 17,733 روپے سے 22,888 روپے تک کی ماہانہ آمدنی والے افراد کے لیے 0.85 فیصد، 22,889 روپے سے 29,517 روپے تک کی آمدنی والے افراد کے لیے 0.72 فیصد، 29,518 روپے سے 44,175 روپے تک کی آمدنی والے گروپ کے لیے 0.70 فیصد اور 44,175 روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے لیے 0.61 فیصد اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ قیمتوں کا حساس اشاریہ ایس پی آئی 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں کی بنیاد پر مرتب کیا جاتا ہے۔