اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) اسلام آباد میں 36ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء نے شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔
اس مہم کا مقصد سرسبز علاقوں میں اضافہ اور ماحولیات کے تحفظ کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل طارق موج، چیف انسٹرکٹر سمرین زہرہ اور مختلف محکموں و تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں عمر جہانگیر، لبنیٰ سید، صبا عاصم اور حماد ماری سمیت متعدد نماٰاں شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ نیپا کیمپس میں مختلف قسم کےدرخت لگائے گئے تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل طارق موج نے اس موقع پر گرین ایریاز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری ہماری زمین کو محفوظ اور خوبصورت بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ چیف انسٹرکٹر سمرین زہرہ نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور صحت مند ماحول کی تشکیل میں شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
شرکاء نے اس مہم کوبھرپور انداز میں سراہا اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان، خاص طور پر پنجاب شدید اسموگ کے مسائل سے دوچار ہے۔ نومبر 2024 میں لاہور کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار کیا گیا۔ ماحول میں زہریلی آلودہ ہوا میں غیر معمولی اضافے کے باعث پنجاب حکومت نے ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا، اسکول بند کیے گئے اورمتعدد بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی۔
اسموگ کی وجوہات میں گاڑیوں کا دھواں، صنعتی آلودگی اور فصلوں کی باقیات جلانا شامل ہیں۔ یہ صورتحال درخت لگانے جیسے اقدامات کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتی ہے تاکہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل کا سدباب کیا جا سکے۔