لاہور: سموگ میں کمی اور فضائی آلودگی کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد حکومت پنجاب نے لاہور اور ملتان میں بھی کل 20 نومبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق آن لائن کی بجائے فزیکل کلاسز کے ساتھ تدریسی عمل دوبارہ بحال ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ماحولیات پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے 20 نومبر سے کھولے جائیں گے۔ اسکولوں کا وقت صبح 8:45 بجے سے پہلے نہیں شروع ہوگا، اور طلبہ و اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔ علاوہ ازیں اسکولوں میں آئوٹ ڈور کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق فضائی آلودگی کی صورتحال میں بہتری کے بعد گزشتہ روز لاہور اور ملتان کے سوا پنجاب کے تمام شہروں میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم اب لاہور اور ملتان میں بھی اسکول 20 نومبر سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
محکمہ ماحولیات نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کے لیے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی جائے گی اور کلاسز کے مطابق چھٹی کے اوقات طے کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے سموگ کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے 7 سے 17 نومبر تک صوبے کے 18 اضلاع میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ جس میں 24 نہمبر تک توسی کی گئی تاہم بعد ازاں فضائی آلودگی میں کمی اور بارشوں کی وجہ سے 19 نومبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں اتوار کے روز معمولی بہتری آئی اور 12 روز بعد انڈیکس 300 کی سطح سے نیچے آیا، جس کے بعد لاہور سمیت دیگر شہروں میں ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی۔