کراچی: 12ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 (IDEAS 2024) منگل کو کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگئی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سیمینار اور نمائش پر مبنی اس ایونٹ کا افتتاح کیا جو 22 نومبر تک جاری رہے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بڑے ریجنل ایونٹ میں 55 ممالک سے 350 سے زائد اعلیٰ سطح کے وفود اور متعدد تجارتی نمائندے شریک ہیں۔ ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) کی جانب سے ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی یہ نمائش دفاعی ٹیکنالوجی میں جدت کو اجاگر کرنے کا اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
2000 میں شروع ہونے والی آئیڈیاز IDEAS نمائش عالمی سطح پر دفاعی مینوفیکچررز، کاروباری افراد، محققین اور پالیسی سازوں کو ایک جگہ جمع کرنے کا م رکزبن گئی ہے۔ اس کا مقصد دفاعی اور سیکیورٹی شعبے میں تعاون اور اختراع کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف شعبوں بشمول دفاعی صنعت میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور تجارت کے لیے وسیع مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ IDEAS ایک عالمی پلیٹ فارم کے طور پر بین الاقوامی مینوفیکچررز اور سپلائرز کو دفاعی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ٹیکنالوجی جدید سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اورذمہ دارانہ استعمال دنیا کو محفوظ تر بنا سکتا ہے۔ پاکستان ہمیشہ عالمی امن، استحکام اور نظم و ضبط کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت اب عالمی معیار کی سطح پر پہنچ چکی ہے اور اس کی مصنوعات عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کر رہی ہیں۔ مزید ترقی کے لیے academia-industry تعاون اور R&D تنظیموں کی شمولیت ضروری ہے۔
IDEAS 2024 نے تمام پچھلے ریکارڈز کو توڑتے ہوئے 560 سے زائد نمائش کنندگان اور 41 ممالک سے 55 فیصد بین الاقوامی اور 45 فیصد مقامی شرکاء کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔