اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے عوامی اجتماعات اورہر قسم کے مظاہروں پر پابندی عائد ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور ممکنہ غیر قانونی اجتماعات سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے اجتماعات سے عوامی امن میں خلل پڑ سکتا ہے اور سیکیورٹی خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔
پابندی کا اطلاق ریڈ زون سمیت اسلام آباد کی حدود میں ہو گا ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوا دیا گیا ہے تاکہ حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اس دوران کسی بھی اجتماع کے انعقاد یا شرکت سے گریز کریں۔
نوٹیفکیشن ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عثمان اشرف کی طرف سے جاری کیا گیا ہے جو 18 جنوری 2025 تک نافذ العمل رہے گا۔
انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ اس حکم سے روزمرہ کی سرگرمیوں اور ضروری خدمات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
یہ اقدام ممکنہ مظاہروں یا احتجاج کی اطلاعات کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔