کراچی: کراچی میں دفاعی نمائش کی وجہ سے تعلیمی ادارے 4 دن کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹر پر 19 نومبر سے دفاعی نمائش “آئیڈیاز” کا آغاز ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر نجی اسکولز ڈائریکٹریٹ نے 19 سے 22 نومبر تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
نجی اسکولز ڈائریکٹریٹ نے کہا ہے کہ شارع فیصل اور حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ پر قائم تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکولز 19 سے 22 نومبر تک بند رکھے جائیں گے۔
نجی اسکولز ڈائریکٹریٹ نے دونوں شاہراہوں پر موجود اسکولز کی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس فیصلے کو عملی جامہ پہنائیں، جو ڈی آئی جی ٹریفک کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے کراچی میں بین الاقوامی نمائش کے سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر کمشنر کراچی کو خط لکھا تھا، جس میں شارع فیصل اور کارساز کے اطراف موجود تمام اسکولز کو 19 سے 22 نومبر تک بند رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولز کے کھلنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
یہ دفاعی نمائش کراچی ایکسپو سینٹر میں چار روز تک جاری رہے گی، جس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ نمائش میں افتتاحی تقریب کے علاوہ دفاعی صنعتوں سے متعلق بین الاقوامی سیمینارز بھی منعقد ہوں گے، جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔