سرکاری حج اسکیم 2025 کے لیے بینکوں کی جانب سے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع ہو گیا جو 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت قرعہ اندازی 6 دسمبر 2024 کو ہو گی، وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق ریگولر اسکیم میں پہلی مرتبہ حج درخواست دینے والوں کو قرعہ اندازی میں ترجیح دی جائے گی۔
سرکاری حج اسکیم 2025 کے لیے درخواستوں کی وصولی پیر 18 نومبر 2024 سے شروع ہو ئی جو3 دسمبر 2024 تک جاری رہے گی۔
بتایا گیا ہے کہ اسپانسر شپ اسکیم کے لیے 5 ہزار نشستیں مختص کی گئی ہیں، جس کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے یا اپنے پیاروں کیلیے پہلے آیئے پہلے پائیے کی بنیاد پر سپانسر شپ اسکیم کے ذریعے کسی بھی نامز د بینک میں 4225 ڈالرز بھجوائیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق لانگ پیکیج کا دورانیہ 38 سے 42 دن جبکہ شارٹ پیکیج 20 سے 25 دن کا ہوگا۔
آئندہ سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے جب کہ اخراجات کا تخمینہ 10 لاکھ 75 ہزار روپے سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان لگایا گیا ہے۔ اضافی سہولیات میں قربانی کی رقم 55 ہزار روپے ہوگی۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کیا تھا۔
وزیر مذہبی امورکے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 18 نومبر سے 3 دسمبر تک درخواستیں وصولی کی جائیں گی، جبکہ حج قرعہ اندازی 6 دسمبر کو کی جائے گی۔
سال 2025 کے لیے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مختص کیا گیا ہے، سرکاری و نجی حج اسکیموں کے لیے 89 ہزار 605 نشستیں رکھی گئی ہیں۔
چوہدری سالک کا کہنا تھا کہ سرکاری حج اسکیم کے اخراجات 10 لاکھ 75 ہزار روپے سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان متوقع ہیں۔
حج واجبات کے لیے 2 لاکھ روپے کی پہلی قسط درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہو گی، قرعہ اندازی کے 10 دن کے اندر اندر 4 لاکھ روپے مزید جمع کرانا ہوں گے بقیہ رقم یکم تا 10 فروری 2025 کے درمیان لازمی طور پر جمع کرانا ہو گی۔