سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز وطن واپس پہنچ گئے۔
نواز شریف 25 اکتوبر کو لاہور سے دبئی روانہ ہوئے تھے۔انہوں نے دبئی سے لندن،امریکہ اور یورپ کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 7 نومبر کو جینیوا کے لیے روانہ ہوئی تھیں، وہ لاہور سے خصوصی طیارے سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جینیوا پہنچی تھیں۔
جینیوا میں مریم نواز نے پیرا تھائیرائیڈ کی بیماری کے باعث طبی معائنہ کروایا اور پھر کچھ دن قیام کے بعدوہ لندن پہنچی تھیں۔
قبل ازیں نواز شریف مریم نواز کے ہمراہ وطن واپسی کے لیے ایون فیلڈ سے ائیرپورٹ روانہ ہوئے اورروانگی سے قبل انہوں نے میڈیا سے بھی گفتگو کی۔
صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا کہ 24 نومبر کو احتجاج کی کال ملک کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ہے۔ احتجاج کی کال دینے والے انشاءاللہ کامیاب نہیں ہوں گے۔ جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو جھوٹا ہی کہیں گے۔
نواز شریف اور مریم نوازگذشتہ چند روز سے لندن میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی بیماری سے متعلق ان افواہوں کی تردید کی تھی کہ انہیں کینسر ہے ۔انہوں نےکہا کہ وہ اپنی بیماری سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتی تھیں لیکن انہیں وضاحت پیش کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ کیا پاکستان میں ایسا کوئی ہسپتال نہیں جہاں یہ سرجری ہوسکتی، میرا سارا علاج پاکستان میں ہی ہوا ہے لیکن پیراتھائرائڈ ایک ایسی بیماری ہے جس کا علاج دنیا کے صرف 2 ممالک سوئٹزرلینڈ اور امریکہ میں دستیاب ہے۔