صوبائی دارالحکومت میں اسموگ کی شدت میں اضافے کے باعث عائد کی گئی پابندیوں میں 24 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق تمام فیصلے 16 سے 24 نومبر تک نافذ رہیں گے اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جو کہ پاکستان پینل کوڈ 188 کے تحت کی جائے گی۔
تعلیمی ادارے اور دفاتر
تمام تعلیمی ادارے، بشمول یونیورسٹیز اور کالجز، آن لائن کلاسز پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔ اسکولز بھی 24 نومبر تک بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری محکموں میں عملے کا پچاس فیصد حصہ آن لائن کام کرے گا، اور محکمانہ میٹنگز بھی آن لائن ہی منعقد کی جائیں گی۔ صرف انتہائی ضروری صورت میں کسی ملازم کو دفتر طلب کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے اس حوالے سے تمام سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت اعلیٰ افسران کو خصوصی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
شادی ہالز اور کھیلوں کی سرگرمیاں
شادی ہالز میں انڈور تقریبات کی اجازت پرانے اوقات (رات 10 بجے تک) تک ایس او پیز کے مطابق دی جائے گی۔ تاہم بیرونی کھیلوں کے پروگرامز، نمائشوں اور تہواروں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
تعمیراتی سرگرمیاں اور ٹریفک
ضلع لاہور میں تمام تعمیراتی سرگرمیوں پر ایک ہفتے کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم قومی اہمیت کے منصوبے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ بھاری گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، مگر فٹنس سرٹیفکیٹ کی حامل مسافر بسوں، ریسکیو و پولیس کی گاڑیوں اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں کو اس پابندی سے استثنا حاصل ہو گا۔
بازاروں اور دیگر کاروباری سرگرمیاں
تمام مارکیٹس شام 8 بجے تک بند ہوں گی، تاہم فارمیسی، میڈیکل اسٹورز، طبی سہولتیں، ویکسینیشن سینٹرز، پٹرول پمپس، تندور، بیکریاں اور دودھ و ڈیری کی دکانوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ علاوہ ازیں، ای کامرس، کال سنٹرز، یوٹیلیٹی سروسز، ہسپتال، کلینکس، لیبارٹریز اور ویکسینیشن سینٹرز، پٹرول پمپس، آئل ڈپو، تندور، بیکریاں، مٹھائی کی دکانیں، آٹا چکیاں، دودھ و ڈیری کی دکانیں پابندی سے مستشنیٰ ہوں گی۔
اسی طرح پوسٹل، کورئیر سروسز، بجلی، گیس، انٹرنیٹ، سیلولر نیٹ ورکس، ٹیلی کام، پاسپورٹ، نادرا مراکز بھی پابندی سے مستشنیٰ ہوں گے۔
ریسٹورنٹس اور دیگر سرگرمیاں
ریسٹورنٹس میں شام 4 بجے کے بعد انڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی، اور رات 8 بجے کے بعد ٹیک اوے سروس بھی بند ہو جائے گی۔ آؤٹ ڈور ڈائننگ، پارکنگ ایریاز میں کھانا کھانے اور شام 4 کے بعد ریسٹورینٹس میں کھانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز شام 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔ اسموگ کے مریضوں کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے، اور ریسکیو 1122 اسموگ متاثرہ مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر امداد فراہم کرے گا۔