اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گستاخانہ اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے والی تقریباً ایک لاکھ ویب سائٹس کو بلاک کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے حکام نے بتایا ہے کہ اب تک 101,083 گستاخانہ یو آر ایلز URLsاور 844,000 سے زائد غیر اخلاقی ویب سائٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ اقدام مذہبی امور وزارت کی جانب سے پی ٹی اے کو غیر اخلاقی مواد کو بلاک کرنے کی درخواست کے بعد سامنے آیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق پاکستان میں روزانہ دو کروڑ سے زائد افراد غیر اخلاقی ویب سائٹس کو دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ غیر اخلاقی ویب سائٹس انٹرنیشنل گیٹ وے پر بلاک ہیں، لیکن انٹرنیٹ صارفین وی پی این VPN کا استعمال کر کے انہیں دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ ممنوعہ مواد پھیلانے والی ویب سائٹس کو حکومتی اداروں اور شہریوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کے مطابق بلاک کیا جاتا ہے۔