لاہور( نئی تازہ رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب بھرکے تعلیمی بورڈز نے 2025 کے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے لیے فیسوں میں اضافہ کر دیا-
میڈیا رپورٹ کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور اور پنجاب کے دیگر تعلیمی بورڈز نے 2025 کے لیے انٹرمیڈیٹ امتحانات کی فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے مہنگائی اور معاشی حالات سے متاثرہ طلباء اور ان کے والدین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
نئے فیس اسٹرکچر کے تحت، پرائیویٹ امیدواروں سے آرٹس گروپ کے لیے 1,500 روپے اور سائنس گروپ کے لیے 1,600 روپے فیس وصول کی جائے گی۔ اسی طرح، ریگولر امیدواروں کو آرٹس کے لیے 1,400 روپے اور سائنس کے لیے 1,500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اس کے علاوہ، ہر طالب علم کو 1,000 روپے رجسٹریشن فیس، 1,000 روپے سرٹیفکیٹ فیس، اور 1,000 روپے پروسیسنگ فیس بھی ادا کرنا ہو گی۔ اس کے علاوہ 700 روپے کی فیس ڈویلپمنٹ، اسکالرشپ اور ڈاک کے اخراجات کے لیے لی جائے گی۔
ایسے طلباء جو دوسرے بورڈز سے منتقل ہو کر داخلہ لے رہے ہیں، ان سے نیا نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (NOC) حاصل کرنے کے لیے مزید 1,000 روپے کی فیس لی جائے گی۔
فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 نومبر تک معمول کی فیس ہوگی، جبکہ 11 دسمبر تک ڈبل فیس اور 24 دسمبر تک تین گنا فیس جمع کرانا ہوگی۔ اس کے بعد فیس جمع کرانے پر روزانہ 200 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جو کہ 12 فروری سے 21 فروری 2025 تک 700 روپے روزانہ ہو جائے گا۔
نوٹ: یہ خبر صرف معلومات کی فراہمی کے مقصد سے شائع کی جا رہی ہے، تاریخوں اور فیسوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنے کے لیے طلبا اپنے متعلقہ بورڈ سے رابطہ کریں۔