پرتھ ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں شاندار فتح حاصل کرتے ہوئے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دے دی۔ پاکستان نے اس فتح کے ساتھ 3 میچز کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔
آسٹریلیا کے خلاف اس تاریخی کامیابی کے بعد پاکستان نے 2002 کے بعد پہلی بار کینگروز کو ان کے گھر میں شکست دی ہے۔ تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو کہ بالکل درست ثابت ہوا۔ پاکستانی بائولرز نے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو31.5 اوورز میں ہی 140 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔
جواب میں پاکستانی ٹیم نے 141 رنز کا ہدف صرف 26.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف سیریز جیتی ہے بلکہ آسٹریلیا کے خلاف تاریخ بھی رقم کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 37 اور صائم ایوب نے 42 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں، جبکہ کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم نے بالترتیب 30 اور 28 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے شان ایبٹ 30 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹر رہے، جبکہ میتھیو شارٹ نے 22 اور ایڈم زمپا نے 13 رنز بنائے۔ دیگر آسٹریلوی کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکا۔ کپتان جوش انگلس اور جیک فریزر دونوں ہی 7،7 رنز پر آؤٹ ہوئے، کوپر کونولی 7 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ گلین میکسویل اور لانس مورس بغیر کسی اسکور کے پویلین واپس لوٹ گئے۔
پاکستانی بائولرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی بائولرز کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم صرف 31.5 اوورز میں 9 کھلاڑی آؤٹ پر 140 رنز تک محدود ہوگئی، جبکہ ایک کھلاڑی انجری کے باعث دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں آ سکا۔
اس سے قبل پہلے دو میچز میں دونوں ٹیموں نے ایک، ایک میچ جیتا تھا۔ پاکستان کو پہلے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن دوسرے میچ میں پاکستانی بائولرز نے آسٹریلوی بیٹرز کو بے بس کردیا تھا اور شاندار فتح حاصل کر کے سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھے۔
پرتھ کے میچ میں پاکستانی اسکواڈ میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان (کپتان)، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، اور محمد حسنین شامل تھے۔ دوسری جانب آسٹریلوی اسکواڈ میں میتھیو شارٹ، جیک فریزر میک گورک، آرون ہارڈی، جوش انگلس (کپتان)، کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، گلین میکسویل، شان ایبٹ، ایڈم زیمپا، اسپینسر جانسن، اور لانس مورس شامل تھے۔