پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک میچ میں سب سے زیادہ 6 کیچ پکڑنے کا کارنامہ سرنجام دے کراہم ریکارٖڈ برابر کردیا۔
ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں محمد رضوان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 کیچ پکڑے۔
اگر محمد رضوان سے آج آسٹریلوی بیٹر ایڈم زیمپا کا کیچ نہ گرتا، تو وہ نیا عالمی ریکارڈ قائم کر سکتے تھے۔
اس سے قبل ایڈم گلکرسٹ، مارک باؤچر، جوز بٹلر، ایلک اسٹیورٹ، میٹ پرائیر، سرفراز احمد، کوئنٹن ڈی کاک اور میتھیو کراس بھی ایک میچ میں 6 کیچ پکڑچکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا۔
حارث رؤف نے 8 اوورز میں 29 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جس سے ناصرف انہوں نے دوسری بار پانچ وکٹیں لینے کا اعزا حاصل کر لیا بلکہ صرف 39 میچز میں 77 وکٹس لینے والے بائلر بن گئے۔ حارث رؤف نے 30 اکتوبر 2020ء کو ون ڈے ڈیبیو کیا اور اس کے بعد سے اب تک 39 میچز میں 77 وکٹیں حاصل کیں، جو کسی بھی آئی سی سی فل ممبر ٹیم کے فاسٹ بولر کے لئے اس عرصے میں سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔
عمان کے بلال خان ہی 83 وکٹوں کے ساتھ حارث رؤف سے آگے ہیں، لیکن عمان آئی سی سی کی فل ممبر نہیں بلکہ ایسوسی ایٹ ممبر ٹیم ہے۔
پاکستان کے کسی بھی بولر کے کیریئر کے ابتدائی 39 میچز میں یہ سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ ہے۔
آج ایڈیلیڈ میں 5 وکٹیں لے کر حارث نے اسپنر ثقلین مشتاق اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے اپنے ابتدائی 39 میچز میں 76، 76 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
دوسری جانب دنیا کے دیگر فاسٹ بولرز میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 39 میچز میں 79 وکٹیں حاصل کر کھی ہیں۔
نیپالی اسپنر سندیپ لمیچانے نے ابتدائی 39 ون ڈے میں 93، افغانستان کے راشد خان نے 90 اور بھارت کے کلدیپ یادوو نے 77 وکٹیں حاصل کیں۔