دھند کی شدت کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ اور ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک بند کر دی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ تک دھند کی وجہ سے بند کی گئی ہے، اسی طڑح موٹروے ایم 3 بھی لاہور سے جڑانوالہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز کو عوام کی حفاظت یقینی بنانے اور محفوظ سفر کے لئے بند کیا جاتا ہے۔
ذرائع موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی صورتحال بہتر ہونے پر بند کی گئی موٹرویز کھول دی جائیں گی، ذرائع کے مطابق دھند میں حد نگاہ انتہائی کم ہو جانے سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔
دوسری جانب لاہور اور ملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں سموگ کی شدت برقرار ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں جمعہ کو بھی پہلے نمبر پر ہے، گرین لاک ڈاؤن کے باوجود ایئر کوالٹی انڈیکس 800 کے قریب ہے، شہر کے بعض علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 1000 سے بھی اوپر پہنچ گیا ہے۔
جنوبی پنجاب کی صورتحال ابتر ہے ، ملتان میں فضائی آلودگی خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے، شہر کے کئی علاقے شدید سموگ کی لپیٹ میں ہیں، اے کیو آئی 1400 سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
سموگ کے باعث گزشتہ ایک ماہ کے دوران آنکھوں اور گلے کے انفیکشن کے کیسزغیر معمولی حد تک بڑھ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 10 روز سموگ کی صورتحال میں بہتری آنے کا امکان کم ہے۔