کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے آغاز سے پہلے پیٹ کمنز کی جگہ جوش انگلس کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ جوش انگلس جو کہ آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر ہیں، آئندہ تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت کریں گے، وہ آخری ون ڈے میچ میں بھی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔
پاکستان کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا کے کئی سینئر کھلاڑی جیسے مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ شامل نہیں ہوں گے کیونکہ انہیں بھارت کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی میں شرکت کرنی ہے۔
نائب کپتان مچل مارش کی عدم دستیابی اور پیٹ کمنز کی ٹیسٹ سیریز میں شمولیت کی وجہ سے جوش انگلس کو کپتان بنایا گیا ہے۔ انگلس کو ڈومیسٹک کرکٹ میں قیادت کا تجربہ حاصل ہے، جو ان کے انتخاب کی ایک اہم وجہ ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی نے کپتان کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جوش انگلس ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈ کے اہم رکن ہیں اور انہیں آسٹریلیا اے سمیت ڈومیسٹک سطح پر کپتانی کا تجربہ حاصل ہے۔
تاہم سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے فاسٹ بائولراویئر بارٹلیٹ اور اسپینسر جانسن کو وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپ کے ساتھ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔