راولپنڈی ( نئی تازہ مانیٹرنگ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعظم سواتی کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا۔ ٹیکسلا پولیس نے انہیں اٹک جیل سے رہا ہونے کے فوراً بعد حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سابق وفاقی وزیر عظم سواتی کو تھانہ ٹیکسلا میں درج ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے گرفتاری کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت میں اعظم سواتی کی مختلف مقدمات میں ضمانت منظور ہوئی تھی۔ عدالت نے 8 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ہر کیس کے لیے 20،20 ہزار روپے مالیت کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
اس کے علاوہ اسلام آباد کی مقامی عدالت کے ڈیوٹی جج اظہر ندیم نے ڈی چوک احتجاج کے مالی معاونت کے کیس میں بھی اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی تھی، جس کا تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج تھا۔
گزشتہ ماہ اعظم سواتی کو احتجاج کے دوران اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا اور اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔