اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں آج جوڈیشل کمیشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا۔ یہ اجلاس 26 ویں آئینی ترمیم اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کے بعد پہلا اجلاس ہے۔ اس میں کمیشن کے ارکان جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، اور جسٹس امین الدین شرکت کریں گے۔
منگل 5 نومبر کے اجلاس کے ایجنڈے میں کمیشن کے سیکرٹریٹ کا قیام اور سپریم کورٹ کے آئینی بنچز کے لیے ججز کی نامزدگی شامل ہے۔ اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اور پاکستان بار کونسل کے نمائندہ اختر حسین بھی بطور رکن اجلاس میں شریک ہوں گے۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک، مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب احمد، پی ٹی آئی کے عمر ایوب اور شبلی فراز بھی بطور رکن موجود ہوں گے، جبکہ خاتون رکن روشن خورشید بروچہ بھی شرکت کریں گی۔
اجلاس دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔