آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ میچ پیر کومیلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں صرف 203 رنز بنائے اور پوری ٹیم آئوٹ ہو گئی، پاکستانی بلے باز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی اوپننگ ناکام رہی، صائم ایک رن اور عبداللہ 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم نے 37 رنز بنائے مگر وہ ایڈم زمپا کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ باقی بلے بازوں میں کامران غلام 5، سلمان علی آغا 12، اور کپتان محمد رضوان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخر میں نسیم شاہ نے 40 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، مگر پوری ٹیم 203 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی ٹیم نے 204 رنز کےہدف کے تعاقب میں بلے بازی کا آغاز کیا تو متیھیو شارٹ اور جیک فریزر جلد آؤٹ ہوگئے، سٹیو سمتھ اور جوش انگلس کی شراکت نے ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 44 اور 49 رنز بنائے، کپتان پیٹ کمنز کی 32 رنز ناٹ آئوٹ کی ذمہ دارانہ اننگز نے ٹیم کو فتح کے قریب لانے میں مدد دی۔ آسٹریلیا نے ہدف 33.3 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے تقصان پرحاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کیلئے 11 پاکستانی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان
پاکستان کی طرف سے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ، نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ لی۔
پاکستانی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان نیازی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل تھے۔
آسٹریلوی ٹیم کپتان پیٹ کمنزکی قیادت میں میتھیو شارٹ، جیک فریزر، سٹیو سمتھ، جوش انگلس، مارنوس لبوشین، گلین میکسویل، ایرون ہارڈی، سین ایبٹ، مچل سٹارک اور ایڈم زمپا کے ساتھ میدان میں اتری۔
تین میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔