کراچی ( نئی تازہ مانیٹرنگ) کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئرلائن کے طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے مسافر منزل پر نہ پہنچ سکے، جس پر انہوں نے احتجاج کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جناح ٹرمینل کے ذرائع نے بتایا کہ جب طیارہ ٹیک آف کے لیے تیار ہوا تو اچانک انجن میں خرابی پیدا ہو گئی، جس پر کپتان نے طیارے کو واپس ریمپ پر لے جانے کا فیصلہ کیا۔
طیارے کو ریمپ پر واپس لانے کے بعد سوار مسافروں کو لاؤنج منتقل کر دیا گیا۔ مسافروں نے اس پر ایئرپورٹ پر احتجاج بھی کیا۔
بتایا گیا ہے کہ نجی ایئرلائن کی پرواز اتوار کی رات لاہور کے لیے روانہ ہونے والی تھی، لیکن فنی خرابی کی وجہ سے یہ پرواز منسوخ کر دی گئی۔ مسافروں کو آج پیرکو صبح کی پرواز سے لاہور بھیجنے کا منصوبہ تھا، تاہم وہ پروازبھی کسی مسئلے کی وجہ سے روانہ نہ کی گئی، جس پر مسافروں اور عملے کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔