بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سگریٹ نوشی چھوڑدی ہے۔
شاہ رخ خان نے ہفتے کے روز اپنی سالگرہ منائی اور اس موقع پر مداحوں کے ساتھ ملاقات کے دوران یہ حیران کن انکشاف کیا، جس کی ویڈیو ان کے فین پیج پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں انہوں نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ میں اب سگریٹ نہیں پیتا۔ مجھے لگا تھا کہ سگریٹ چھوڑنے کے بعد میرا سانس نہیں پھولے گا، لیکن اب بھی سانس پھولنے کی کیفیت محسوس ہوتی ہے، ان شاء اللہ وہ بھی ٹھیک ہوجائے گی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان ماضی میں روزانہ 100 سگریٹ پینے کا اعتراف کر چکے ہیں۔ 2012 میں انہیں آئی پی ایل میچ کے دوران سرعام سگریٹ پینے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعد ازاں 2017 میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے بچوں آریان، سہانا اور ابراہم کی خاطر سگریٹ اور شراب چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس سال شاہ رخ خان کی سالگرہ کا جشن خاص طور پر شاندار رہا۔ مداحوں نے شاہ رخ خان کے گھر کے باہر جمع ہو کر ان کی سالگرہ منائی۔
شاہ رخ خان کی بیوی گوری خان نے بھی انسٹاگرام پرفیملی کی تقریب کی تصاویر شیئر کیں، جس میں وہ اپنے شوہر اور بیٹی سہانا کے ساتھ موجود تھیں۔