ریاض ( نئی تازہ ڈیسک) سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے 21 ہزار 370 غیر ملکیوں کو گرفتارکر لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اکتوبر کے آخری ہفتے میں مملکت بھر میں رہائش، ملازمت اور سرحدی سیکیورٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کا پتہ چلانے اور انہیں گرفتار کرنے کی مہم چلائی گئی، اور 21 ہزار 370 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
مشترکہ کمیٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ گرفتاریاں 24 اکتوبر سے 30 اکتوبر 2024 کے درمیان کی گئیں۔ ان میں سے 12,274 افراد نے اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کی، جبکہ 5,684 افراد سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، جبکہ 3,412 تارکین نے لیبر قوانین کی خلاف ورزی کی۔
بیان کے مطابق سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش میں 1,492 افراد گرفتار ہوئے، جن میں 35 فیصد کا تعلق یمن، 61 فیصد کاایتھوپیا اور 4 فیصد کا دیگر ممالک سے تعلق تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹک ٹاک نےمقبول اسٹیم فیڈ کو ہر عمر کے صارفین کے لیےکھول دیا
اسی طرح 34 افراد کو سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، اور غیر قانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے کے جرم میں بھی 15 افراد گرفتار ہوئے۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو کسی طرح کی سہولت فراہم کرنا ایک سنگین جرم ہے، جس کی سزا 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتی ہے۔