اسلام آباد ( نئی تازہ نیوزڈیسک) قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پیر 4 نومبرکے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔
اجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس 2024 پیش کیا جائے گا جبکہ ایوان میں دو توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیے جائیں گے۔ ترمیمی آرڈیننس وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے ایوان میں پیش کیا جائے گا، وزیر قانون ایوان سے صدر مملکت کے خطاب پر اظہار تشکر کی قرارداد بھی پیش کریں گے۔
رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے طیاروں کو گرائونڈ کیے جانے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس دیں گی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران بھی عدلیہ کی عالمی درجہ بندی بارے ایک توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس کل پیر کی شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
یکم نومبر کو قائم مقام چیئرمین سیدال خان کی صدارت میں منعقدہ سینیٹ کےاجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس 2024 پیش کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ ترمیمی آرڈیننس وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے ایوان میں پیش کیے جانے کے بعد متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا تھا۔
ترمیمی آرڈیننس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 2 میں ایک ذیلی شق شامل کی گئی ہے، جس کے تحت کمیٹی میں چیف جسٹس پاکستان کے علاوہ ایک سینئر ترین جج اور ایک چیف جسٹس پاکستان کا نامزد کردہ جج شامل ہوگا۔