اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کل کرے گا، شرح سود میں معمولی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی ( ایم پی سی) کا اجلاس پیر 4 نومبر کو گورنر اسٹیٹ بینک کی صدارت میں کراچی میں منعقد ہوگا، جس میں ملک کی مائیکرو اور میکرو اکنامک صورتحال کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ایم پی سی کا بنیادی مقصد اہم اقتصادی اشاریوں کا تجزیہ کرنا اور سود کی شرح کے بارے میں اہم فیصلے کرنا ہے، جو کہ قرض لینے کی لاگت اور مجموعی اقتصادی سرگرمیوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ اجلاس کے بعد اسٹیٹ بینک ایک پریس ریلیز کے ذریعے مانیٹری پالیسی بیان جاری کرے گا، جس میں کمیٹی کے فیصلوں اور ان کی وجوہات کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
ایم پی سی اجلاس ایسے وقت ہو رہا ہے جب معاشی حالات غیر یقینی کی زد میں ہیں، اور مہنگائی کے دباؤ اور کرنسی کی اتار چڑھاؤ نے قومی معیشت کو متاثر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر کا انتخاب : کتنے مراحل سے گزرنا ہوتا ہے، جامع جائزہ
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (MPC) نے 12 ستمبر 2024 کو پالیسی ریٹ میں دو فی صد کمی کا اعلان کیا تھا، جو اپریل 2020 کے بعد کی سب سے بڑی کمی ہے۔ کمیٹی نے پالیسی ریٹ 200 بیسس پوائنٹس (bps) کم کر کے 17.5% پر لے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاس میں پالیسی ریٹ میں 200 بیسس پوائنٹس کی کمی کر کے 17.5 فی صد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو 13 ستمبر 2024 سے نافذ العمل ہوگا۔