اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے دو میگا پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
سرینا چوک انٹرچینج اور ایف-10 ایکسچینج چوک انٹرچینج کے منصوبوں کا سنگ بنیاد منگل 5 نومبر کو رکھا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سرینا چوک انٹرچینج صرف 3 مہینے میں مکمل کیا جائے گا، جبکہ پہلے یہ کام 10 مہینے میں مکمل کیا جانا تھا ۔ منصوبے میں دو انڈرپاس اور ملحقہ سڑکیں شامل ہوں گی۔
اسی طرح ایف-10 ایکسچینج چوک انٹرچینج کو 4 مہینے میں مکمل کیا جائے گا، جس میں ایک فلائی اوور، ایک انڈرپاس اور ملحقہ سڑکیں شامل ہوں گی۔
وزیر داخلہ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو ہدایت کی ہے کہ ان منصوبوں کو طے شدہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔ سی ڈی اے نے پہلے سرینا چوک انٹرچینج کے لیے 10 مہینے اور ایف-10 ایکسچینج چوک انٹرچینج کے لیے 12 مہینے کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی۔
وزیر داخلہ نے تعمیراتی کام کے آغاز سے پہلے متبادل ٹریفک منصوبے کی منظوری بھی دی ۔ انہوں نے سی ڈی اے کے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جہاں سرینا چوک اور ایف-10 ایکسچینج چوک انٹرچینج کے نقشوں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مختلف سروس لائنز کی جگہ کی منتقلی جلد از جلد مکمل کی جائے اور پراجیکٹس کو 24/7 کام کر کے طے شدہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے بہترین ٹریفک مینجمنٹ کی ضرورت پر زور دیا، منصوبے کےدوران ٹریفک کی روانی کے لیے ایک خصوصی یونٹ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
خصوصی یونٹ 24/7 منصوبوں کے ارد گرد موجود رہے گا تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھا جا سکے۔ محسن نقوی نے فیض آباد انٹرچینج پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔