ریاض ( نئی تازہ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس آج منگل سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں شروع ہو رہی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دو دن کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹو میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اس سے قبل دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر عہدیداروں سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہو گی اور دوطرفہ امور پر بات چیت کی جائے گی۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ فریقین پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور سٹریٹیجک شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے،معاشی، دفاعی اور توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔
وزیراعظم کی کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنماؤں اور کاروباری افراد سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔