لاہور( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سال 25-2024 کے بین الاقوامی سیزن کے لیے 25 مرد کرکٹرز کو 12 ماہ کے سینٹرل کنٹریکٹ جاری کر دیے ہیں، جو یکم جولائی 2024 سے موثر ہوں گے۔ یہ کنٹریکٹس گزشتہ سال پی سی بی اور کھلاڑیوں کے درمیان طے پانے والے تین سالہ معاہدے کے تحت دیے گئے ہیں۔ فہرست میں فخر زمان اور سرفراز احمد سمیت متعدد کھلاڑیوں کے نام شامل نہیں ہیں۔
پی سی بی کے مطابق حکمت عملی کے تحت باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے پانچ کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں خرم شہزاد، محمد عباس افریدی، محمد علی، محمد عرفان خان اور عثمان خان شامل ہیں، جو کیٹیگری ڈی میں درج ہیں۔
سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کی فہرست درج ذیل ہے:
کیٹیگری اے (2): بابراعظم اور محمد رضوان
کیٹیگری بی (3): نسیم شاہ، شاہین شاہ افریدی اور شان مسعود
کیٹیگری سی (9): عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حارث رؤف، نومان علی، سائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاداب خان
کیٹیگری ڈی (11): عامر جمال، حسیب اللہ، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس افریدی، محمد علی، محمد حریرہ، محمد عرفان خان، محمد وسیم جونیئر اور عثمان خان
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ کنٹریکٹس کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہنے اور ان کی محنت کا اعتراف کرنے کے لیے اہم قدم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کے 30 کھلاڑیوں کے برعکس اس سال پی سی بی کی جانب سے 25 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
پی سی بی کی فہرست میں فخر زمان اور سرفراز احمد سمیت متعدد کھلاڑیوں کے نام شامل نہیں ہیں ، اسی طرح محمد نواز، افتخار احمد، امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی، ارشد اقبال، احسان اللہ، شاہنواز دھانی،محمد نواز، طیب طاہر، محمد حارث، اسامہ میر، زمان خان اورعماد وسیم بھی سینٹرل کنٹریکٹ حاصل نہیں کر سکے۔
گزشتہ سال بی کیٹیگری میں موجود شاداب خان اور حارث رؤف کی اس سال تنزلی ہوئی ہے اور دونوں اب کیٹیگری سی میں چلے گئے ہیں۔