اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک) جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ صدرِ مملکت آصف زرداری نے ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں ان سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے موجودہ اور سابق ججز بھی شریک تھے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سلیم حیدر اور وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔
نئے چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شریک ہوئے۔
پارلیمینٹ سے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : جسٹس منصور کی کل عمرے کے لیے روانگی، فائزعیسیٰ مقدمات کی سماعت کریں گے
حلف برداری کے بعد چیف جسٹس ، جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس کا چیمبر سنبھال لیا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سپریم کورٹ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ رجسٹرار جزیلہ سلیم نے چیف جسٹس کو گلدستہ پیش کیا۔
نئے چیف جسٹس، جسٹس یحییٰ آفریدی کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ بھی اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے۔
ویب سائٹ پر قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام بطور چیف جسٹس اپ ڈیٹ کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ ویب سائٹ کے مطابق چیف جسٹس کے بعد سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ ہیں۔