اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) نے آج جمعہ 18 اکتوبر کو ہونے والے انٹر میڈیٹ ایچ ایس ایس سی دوسرے سالانہ امتحانات 2024 کے پیپرز منسوخ کر دیے ہیں۔
وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایچ ایس ایس سی دوسرے سالانہ امتحانات 2024 کے جمعہ 18 اکتوبر 2024 کو شیڈول کیے گئے پرچے فیڈرل بورڈ کے تمام امتحانی مراکز بشمول بیرونِ ملک منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ منسوخ شدہ پیپرز کے لیے نیا شیڈول بعد میں علیحدہ سے جاری کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دیگر تمام پیپرز پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے 16 اکتوبر کو ہونے والے پیپرز بھی اسلام آباد اور راولپنڈی کے اضلاع میں 14 سے 16 اکتوبر کی مقامی تعطیل کی وجہ سے منسوخ کردیئے تھے، اور اعلان کیا تھا کہ 16 اکتوبر کو ہونے والے پیپرزاب 16 نومبر کو ہوں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جمعہ کو احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ لاہور میں ایک طالبہ کے حوالے سے فیک نیوز پھیلنے کے بعد مختلف شہروں میں مظاہروں کے پیش نظر پنجاب بھرکے تمام تعلیمی ادارے آج (جمعہ) کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہے۔