لاہور سے راولپنڈی جانے والی مسافر ٹرین گوجرانوالہ کے قریب خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔
نجی ٹی وی نے مقامی افراد کے حوالے سے بتایا کہ گوجرانوالہ کے قریب دیوان روڈ ریلوے پھاٹک پر تعینات ریلوے ملازم سوگیا اور پھاٹک بند نہیں کیا، اس دوران ٹرین پھاٹک پر پہنچ گئی۔
ڈرائیور نے صورتحال بھانپ کر عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگاکر ٹرین روک لی۔
ڈرائیور نے ٹرین روکنے کے بعد پھاٹک کے ساتھ بنے ہوئے کوارٹر میں سوئے ملازم کو جگایا، بعد ازاں ٹرین 20 منٹ کی تاخیرسے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگئی۔
موقع پر موجود شہری نے واقعے کی وڈیو بنالی جو سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی۔
ریلوے انتظامیہ نے واقعہ کا علم ہونے پر تحقیقات حکم دے دیا ہے۔