اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے اجلاس کے دوران کاروباری مراکز بند کرنے کی خبروں پر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ اجلاس کے دوران شہر میں کاروباری سرگرمیوں پر پابندی عائد نہیں کی گئی۔
عرفان میمن کے مطابق جن کاروباری مراکز کو بند کرنا مقصود ہے ان کو آگاہ کر دیا گیا ہے، ایسے تمام کاروباری مراکز کے ساتھ ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہے۔
ڈی سی اسلام آباد نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ صرف ان کاروباری مراکز کو بند رکھا جائے گا جو روٹ پر واقع ہونگے
دیگر کاروباری مراکز اپنے معمول کے مطابق سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔
ڈی سی عرفان میمن کے مطابق اسلام آباد میں ہائکنگ ٹریلز ایس سی او کے ایام میں بند ہونگی، جبکہ ایس سی او وفود کے روٹس پر ٹریفک کی روانی بھی محدود رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں :اداکارہ ماورا حسین کے انسٹاگرام فالورز کی تعداد 90 لاکھ ہو گئی
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام اقدامات سیکورٹی اقدامات کے پیش نظر لیے جا رہے ہیں، انہوں نے شہریوں اور کاروباری حضرات سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 14 سے 16 اکتوبر تک ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ہفتہ کو جناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے اور وزارت خارجہ کے حکام نے وزیرِ اعظم کوبریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایس سی او کے اجلاس کے لیے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ انتظامیہ نے ایس سی او کانفرنس کے حوالے سے روٹ پلان جاری کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کانفرنس کے دوران ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔