بلوچستان کے علاقے دکی میں مقامی کول کمپنی کی کوئلہ کانوں پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 20 کان کن جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حملہ آوروں نے 10 کوئلہ کانوں کے انجن بھی نذر آتش کر دیے۔
پولیس کے مطابق رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے ڈسٹرکٹ چیئرمین دکی حاجی خیر اللّٰہ کی کوئلہ کانوں پر راکٹوں اور دستی بم سے حملہ کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔
دکی ہسپتال کے میڈیکل افسر ڈاکٹر جوہر سدوزئی کے مطابق جاں بحق کان کنوں کا تعلق قلعہ سیف اللّٰہ، پشین، ژوب ، لورالائی، کچلاک، موسی خیل اور مسلم باغ کے علاقوں سے ہے، جبکہ 3 کان کن افغانستان سےآئے ہوئے تھے۔
سات زخمی کان کنوں کو دکی اسپتال میں طبی امداد کے بعد لورالائی ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایچ او دکی ہمایوں خان ناصر نے میڈیا کو بتایا کہ مسلح حملہ آوروں نے مزدوروں کو ٹولیوں کی شکل میں یکجا کرکے فائرنگ کی، جبکہ کوئلہ کانوں کی مشینری کو بھی جلادیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدور پشتون بتائے گئے ہیں ۔