اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی حکومت نے پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم ) پر پابندی عائد کرتے ہوئے ممنوعہ تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا۔ پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وفاقی حکومت نے پشتون تحفظ مومنٹ پر پابندی لگا دی ہے اس حوالے سے وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے پاس ایسی وجوہات موجود ہیں جن کی بنا پر یہ یقین ہے کہ پی ٹی ایم ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہے جو ملک میں امن و سلامتی کیلیے خطرہہیں۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 1997ء کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11 بی کے تحت پی ٹی ایم کو فرسٹ شیڈول میں موجود ممنوعہ تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین نے گذشتہ دنوں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے بھی ملاقات کی تھی۔
منظور پشتین نے علی امین گنڈا پور کوپشتون قومی عدالت میں شرکت کی دعوت بھی دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی پاکستان آمد، دورے کا شیڈول جاری
میڈیا رپورٹ کے مطابق ممنوع قرار دی گئی پی ٹی ایم نے کہا ہے کہ اس کی کور کمیٹی کا اجلاس جاری ہے ، اجلاس کے بعد اس معاملے پر بیان جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 4 اکتوبر کو پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی ایم کے ضلع خیبر میں طے شدہ قومی جرگے کے خلاف دائر درخواست میں کہا تھا کہ جرگہ منعقد ہونے دیں پھر دیکھیں گے کہ یہ کیا کرتے ہیں۔
قومی جرگے کے خلاف دائرکی جانے والی درخواست کی سماعت جمعے کو پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی تھی۔
پی ٹی ایم کے قومی جرگے کو روکنے کے لیے ضلع خیبر کے رہائشی خاطراللہ نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرکر رکھی ہے ۔
درخواست گزار کے مطابق پاکستان بننے کے بعد ملک میں عدالتیں موجود ہیں اور اب ضم اضلاع میں بھی عدالتیں قائم ہوچکی ہیں۔