وزیر اعظم شہباز شریف نے مذہبی سکالرڈاکٹر ذاکر نائیک کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے دلوں میں ذاکر نائیک کے لیے احترام ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بھارتی نژاد مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کے صحیح تشخص سے روشناس کروایا، یہ امر خوش آئند ہے کہ آپ کے سامعین میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جوانتہائی پر معز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے ، آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ڈاکٹرذاکر نائیک کی تقاریر اور تحریریں اسلام سے آگاہی کا ذریعہ ہیں، میں بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تقاریر سے استفادہ کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی پاکستان آمد، دورے کا شیڈول جاری
شہباز شریف نے کہا کہ اسلام کی ترویج کے لیے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی خدمات قابل ستائش ہیں، ذاکر نائیک کی تقاریر اسلامی تعلیمات سے روشناس ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں، ان کا اسلام کی تشریح میں نمایاں کردار ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دیں گے ۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، پاکستان آکر برسوں پرانا خواب پورا ہوگیا، میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا، اب تک اس کی یادیں تازہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا۔