اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) ایف بی آر نے مالی سال 2023-2024 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 14 اکتوبر تک توسیع کردی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی زیر صدارت اجلاس میں انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرا نے کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ( انکم ٹیکس ریٹرن) گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع متعدد تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور عوام کے مطالبے پر کی جا رہی ہے۔
توسیع کے اعلان کے بعد اب مالی سال 2023-2024 کے انکم ٹیکس گوشوارے 14 اکتوبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی پاکستان آمد، دورے کا شیڈول جاری
تاجروں نے ایف بی آر کے آئیرس پورٹل کے مسائل کی وجہ سے آخری تاریخ 31 اکتوبر تک بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آرکے پاس 30 ستمبر 2024 تک 36 لاکھ 60 ہزار انکم ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے ہیں، گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 19 لاکھ 50 ہزارگوشوارے جمع ہوئے تھے ۔