ایف بی آر کی طرف سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 10 سے 15 روز کی توسیع کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر ہے تاہم اس میں توسیع پر غور کیا جا رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی رضامندی سے تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آخری تاریخ قریب آتے ہی گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس سے سسٹم پربوجھ بڑھ گیا ہے، وزیر اعظم سے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی سفارش کی جائے گی، 28 ستمبر تک تقریباً 29 لاکھ گوشوارے جمع ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ایف بی آر کے پاس 28 ستمبر تک 14 لاکھ گوشوارے جمع ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر اعلان کر چکا ہے کہ ٹیکس گوشوارے 30 ستمبر تک جمع کرا ئے جائیں اور اس تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
تاہم وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کے اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ انہیں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں ایف بی آر ویب سائٹ کی سست رفتار سمیت دیگر مشکلات کا سامنا ہے۔ توقع ہے کہ گوشوارے جمع کرانے کے آخری روز یعنی 30 ستمبر کو ایف بی آر تاریخ بڑھانے کا اعلان کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں فائلرز کی تعداد دگنی ہوگئی ہے، رواں سال 7 لاکھ 23 ہزار افراد ٹیکس نیٹ میں آئے، انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک میںفائلرز کی تعداد 16 لاکھ سے بڑھ کر 32 لاکھ ہوگئی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق نان فائلرز بیشتر چیزیں نہیں کرسکیں گے، وہ گاڑیاں، پراپرٹی نہیں خرید سکیں گے، جبکہ کرنٹ بینک اکاؤنٹ اور رقم نکالنے جیسے معاملات میں ان کو بہت مسائل کا سامنا ہوگا، ہم دیکھیں گے فائلرز نے کیا ظاہر کیا اور اصل اثاثے کیا ہیں۔
نوٹ: ٹیکس گزاروں کو ان کے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تاریخ میں توسیع کا انتظار کیے بغیر مقررہ تاریخ کے اندر گوشوارے جمع کرائیں۔