لاہور: پنجاب میں 72 مقدمات میں ملوث انتہائی خطرناک ڈاکو اسد جمیل احمد عرف جیلااپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جیلا 72 سے زائد مقدمات میں ملوث تھا ، اور دوران ڈکیتی قتل کی تین وارداتوں، متعدد بنکوں کی کیش وین لوٹنے سمیت دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن کے مطابق شہزادہ گاؤں کاہنہ میں اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تو اشتہاریوں نے پولیس پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا جیلا ڈکیت مارا گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے سلسلہ میں تھانہ کاہنہ لے جارہے تھے کہ 4 نامعلوم ملزمان نے ساتھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے جیلا شدید زخمی ہو گیا اسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان ، مسلح افراد نے پنجاب کے 23 مسافروں کو گاڑیوں سے اتارکر قتل کر دیا
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم نے 2017 میں نصیر آباد لاہور کے علاقہ میں بنک سے رقم لے نکلوانے والے شہری سے 50لاکھ روپے چھین لیےاور مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔
2022 میں حجرہ شاہ مقیم اوکاڑہ میں بھی ملزم نے دوران ڈکیتی شہری کو قتل کیا۔ 2019 میں راولپنڈی کینٹ میں بھی ملزم نے دوران ڈکیتی شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ۔ ہلاک ملزم قتل، ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں اشتہاری تھا۔
ہلاک ہونے والے ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔