بلوچستان میں پنجگورکے علاقہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے7مزدورجاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق مزدوروں کا تعلق پنجاب سے تھا۔
نجی ٹی وی چینل نے پو لیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ واقعہ بلوچستان میں پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں پیش آیا ، جہاں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے سات مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ایک مزدور زخمی بھی ہوا،جاں بحق مزدوروں کا تعلق شجاع آباد پنجاب سے بتایا گیا ہے۔
جاں بحق ہو نے والوں میں ساجد ، خالد، شفیق، فیاض، افتخار، سلمان اوراللہ وسایا شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے مزدور کا نام بلال ہے، واقعہ کی اطلاع ملنے پرپولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقہ میں پہنچ کرلاشوں کو تحویل میں لے لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عدالت کا لیفٹیننٹ جنرل کو کرپشن پر ملازمت سے برطرف کرنے حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کی بلندیٔ درجات کیلئے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے زخمی ہونے والے مزدور کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی پنجگور میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ۔
وزیر داخلہ نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ، انہوں نے زخمی مزدور کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھرتی پرآج پھربےگناہوں کا لہو گرا۔
انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد انسانیت سے بے بہرہ ہیں، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیا جائے گا۔