وفاقی حکومت نے تمام ملازمین کے لیے ہاؤس رینٹ کی حد میں 45 فیصد اضافہ کر دیا۔ کرایے میں اضافہ گریڈ 1 سے 22 کے تمام ملازمین کے لیے کیا گیا ہے جو اسلام آباد سمیت چھ شہروں کے لیے نافذ العمل ہو گا
وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق وفاقی وزارتوں اورڈویژنز کے ملازمین اور منسلک محکموں اور ذیلی دفاترکے ملازمین کے لیے کرائے کے گھروں کے لیے الائونس کی حد میں اضافے کا اطلاق چھ شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں ہوگا۔
وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے نظرثانی شدہ کرایہ الائونس کے تحت گریڈ 22 کے ملازمین کے لیے اسلام آباد میں کرائے کی حد ایک لاکھ 42 ہزار 743 روپے اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور راولپنڈی کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار 989 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے، اس سے قبل مذ کورہ حد بالترتیب 98 ہزار 444 روپے اور 89 ہزار 230 روپے ماہانہ مقرر تھی۔
اسی طرح گریڈ 21 کے سرکاری ملازمین کے لیے نظر ثانی شدہ کرایے کی حد اسلام آباد میں 82 ہزار 261 روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ 19 ہزار 278 روپے ہو گئی ہے ، دیگر شہروں کے لیے کرایہ 71 ہزار 107 روپے سے بڑھا کر 98 ہزار 378 روپے ماہانہ ملے گا۔
اسلام آباد میں گریڈ 20 کے ملازمین کے لیے کرایے کی حد 99 ہزار 615 روپے کر دی گئی جو 68 ہزار 700 روپے ماہانہ تھی، دوسرے شہروں کے لیے کرایہ 59 ہزار 79 روپے سے بڑھا کر 82 ہزار 696 روپے ماہانہ ہو گیا ہے۔
گریڈ 19 کے افسران کو اسلام آباد اور دیگر شہروں کے لیے بالترتیب 79 ہزار 320 روپے اور اور 65 ہزار 542 روپے ماہانہ کرایہ ملے گا، اس سے قبل اسلام آباد کے لیے حد 54 ہزار 704 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 46 ہزار 816 روپے ماہانہ تھی۔
گریڈ 17 اور 18 کے وفاقی ملازمین اسلام آباد میں 59,669 روپے اور دوسرے شہروں میں 49,808 روپے کرایہ وصول کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ٹیلی ویژن میں اصلاحات، کم ریٹنگ والے کون سے 25 پروگرام بند ہو رہے ہیں
نظر ثانی شدہ کرایوں کے نوٹیفکیشن کے بعد گریڈ 14 سے 16 کے ملازمین کے لیے اسلام آباد میں45,073 روپے ماہانہ اور دوسرے شہروں کے لیے 37,665 روپے ماہانہ کرایہ لے سکیں گے، جو اس سے قبل اسلام آباد کے لیے 31,085 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 27,134 روپے ماہانہ مقرر تھا۔
اسی طرح گریڈ 11 تا 13 کے سرکاری ملازمین کو اسلام آباد میں 35 ہزار 878 روپے ماہانہ اور دیگر شہروں میں 30 ہزار 815 روپے ماہانہ کرایہ مکان دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : چین میں ریٹائرمنٹ کی عمر میں تین سال کا اضافہ کر دیا گیا
گریڈ 7 سے 10 کے وفاقی ملازمین کے لیے حد اسلام آباد کے لیے 16 ہزار 403 روپے سے بڑھا کر 23 ہزار 784 روپے اور دیگر شہریوں کے لیے 14 ہزار 682 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار 112 روپے مقرر کی گئی ہے۔
گریڈ 3 تا 6 کے ملازمین کو کرایے کی مد میں اب اسلام آباد میں 15 ہزار 921 اور دیگر شہروں کے لیے 13 ہزار 230 روپے ملیں گے۔
گریڈ 1 اور 2 کے وفاقی ملازمین کا کرایہ اسلام آباد میں 10 ہزار 192 روپے اور دیگر شہروں میں 9 ہزار 590 روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نظر ثانی شدہ کرایوں کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہو گا۔