میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے دوران آج 22 ستمبرکو پنجاب اورخیبر پختونخوا کے امتحانی مراکز میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایم ڈی کیٹ MDCAT امتحانات کے حوالے سےوفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت کی سفارش پرپی ٹی اے کو ہدایت جاری کی ہے، موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے لیے پنجاب کے 26 امتحانی مراکز کے لوکیشن کوآرڈینیٹس پی ٹی اے کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے لیے پنجاب کے 12 اضلاع میں 26 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ تمام 26 امتحانی مراکز کے 500 میٹر کے دائرے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رکھی جائیں گی۔
یاد رہے کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ 22 ستمبر بروز اتوار پنجاب کے 12 شہروں میں ہوں گے۔ ان میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور،فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی۔ خان، راولپنڈی، گجرات ،رحیم یار خان اور سرگودھا، شامل ہیں۔
دوسری جانب ایم ڈی کیٹ 2024 کے حوالے سے ایک ہنگامی اعلیٰ سطحی اجلاس پشاور میں کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں 22ستمبر کو 6 سینٹرز میں منعقدہونے والے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کوحتمی شکل دی گئی ، ہرٹیسٹ سینٹرکی نگرانی ایس پی عہدے کاافسراوراسسٹنٹ کمشنر کرے گا،ٹیسٹ سینٹرز کے قریبی ایریا میں دفعہ 144 نافذ رہے گی،طلبہ کی تصدیق نادرا کے بائیومیٹرک سسٹم سے کی جائےگی۔ تمام سنٹرز کے گرد ونواح میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد کےصارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف نہیں ملے گا، آئیسکو کا اعلان
طلباء کو رول نمبرسلپ اور شناختی کاتڈ کے علاوہ کوئی اور سامان ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ امتحانی مراکز میں طلبا کو منرل واٹر، جوس، بسکٹ اور امتحانی گتے فراہم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر کے میڈیکل کالجز اور جامعات کے ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس ٹیسٹ آج اتوار کو ہورہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے ایک لاکھ 67 ہزار سے زائد امیدوار ٹیسٹ میں شریک ہوں گے۔ سندھ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ڈاؤ یونیورسٹی لے رہی ہے۔
سندھ بھر سے تقریباً 38 ہزار 700 امیدوار ٹیسٹ میں حصہ لیں گے،جن میں سے 13 ہزار کا تعلق کراچی سے ہے۔
کراچی میں امیدواروں کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں امتحانی مراکزبنائے گئے ہیں۔
بلوچستان سے 5 ہزار 800 سے ازئد طلبا انٹری ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ صوبہ کے میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ بیوٹمز میں ہوگا۔
خیبر پختونخوا سے ٹیسٹ میں 42 ہزار سے زیادہ امیدوار حصہ لیں گے۔ ٹیسٹ کے لیے 8 اضلاع میں 13 امتحانی مراکز قائم ہیں۔