ریاض ( نئی تازہ رپورٹ) سعودی عدالت نے ایک لیفٹیننٹ جنرل کو کرپشن کا مرتکب قرار پانے پر ملازمت سے برطرف کرنے حکم دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار الحربی پر اختیارات کے غلط استعمال، جعل سازی ، رشوت اورفنڈز میں ہیرا پھیری کے الزامات تھے۔
استغاثہ کی جانب سے ناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے جبکہ ملزم نے اعتراف جرم کیا۔
ٹھوس شواہد کی روشنی میں عدالت نے رشوت کے طور پر وصول کی گئی ایک کروڑ ریال سے زائد کی رقم، تحائف اور زرعی زمین ضبط کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار الحربی کو ملازمت سے برطرف کرکے مجموعی طور پر 20 سال قید کی سزا کا حکم سنایا اور 10 لاکھ ریال جرمانہ بھی عائد کیا۔
عدالتی حکم پر ضبط کی جانے والی جائیداد اور جرمانے کی رقم حکومتی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔
سعودی محکمہ انصاف نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، رشوت، کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں ۔