لاہور: پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایتکار الطاف حسین طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے.
الطاف حسین طویل عرصہ سے علیل تھے۔ انہوں نے حال ہی میں اپنی نئی فلم ’تیرے پیار نوں سلام‘ کا آغاز کیا تھا۔
الطاف حسین نے’’پنچھی تے پردیسی‘‘ سے فلمی کیرئیر کا آغاز 1969ء میں کیا۔ تاہم ان کی کامیاب فلم بارہ سال بعد 1981ء میں آنے والی ’’اتھرا پتر‘‘ تھی جس میں سلطان راہی ،آسیہ، بازغہ اورمصطفی قریشی شامل تھے۔ اسی سال آنے والی ان کی فلم ’’سالا صاحب ‘‘ باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی ۔
الطاف حسین کے لیے 1983ء کامیابیوں کا سال ثابت ہوا اور ان کی تین فلمیں ’’ صاحب جی‘‘ ،’’قدرت‘‘اور ’’لاوارث‘‘ کامیاب رہیں۔
1984ء ان کی دس کے قریب فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں سے’’چوڑیاں‘‘ ، ’’ نکاح‘‘ ، اور ’’مہندی‘‘ کامیاب رہیں۔ 1985ء میں ان کی فلم’’دھی رانی‘‘ اور1988ء میں ان کی فلم ’’نوری‘‘ کامیاب ہوئی۔
اپنی منفرد شناخت رکھنے والے الطاف حسین نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو 80 سے زائد فلمیں دیں۔