اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہا تو پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھرپور تیاری سے موجود تھی، تحریک انصاف کے رہنماؤں کے باہرآنے پر پولیس نے شیر افضل مروت کو حراست میں لے لیا۔
شیر افضل مروت کے ہمراہ موجود افراد اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم پولیس نے شیر افضل کو حصار میں لے کر گرفتار کیا اور گاڑی کو قبضے میں لے کر روانہ ہوگئی۔
پی ٹی آئی کے رہنما عامر ڈوگراور علی محمد بھی پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر نکلے اور روانہ ہوگئے۔ شیر افضل مروت کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام اباد پولیس نے پرامن اجتماع قانون کے تحت پی ٹی آئی کی جانب سے سنگجانی جلسہ کے دوران شرائط کی خلاف ورزی پر استغاثہ تیار کیا تھا جس میں 28 پی ٹی آئی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا۔